کراچی : (ہفتہ:02 مارچ 2024ء) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صدر کے ووٹ کیلئے ایم کیو ایم سے بھی رابطہ کریں گے۔ صدارتی الیکشن کے لیے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ جس طرح ماضی میں بھی ایم کیوایم امن و امان و دیگر معاملات کیلئے تعاون کرتی رہی ہے ویسے ہی اب تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری لوکل گورنمنٹ اس وقت امپاور ہے، ایم کیو ایم کی بلدیات سے متعلق ڈیمانڈ پنجاب کے لیے ہو سکتی ہے، اگر ن لیگ اور ایم کیوایم کے درمیان کوئی بات ہوئی ہے تو وہ پنجاب سے متعلق ہو گی، پنجاب میں بلدیاتی ادارے نہیں ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری دوبارہ اس ملک کے صدر منتخب ہوں گے، ہمارے بھی کئی امیدواروں کو دھاندلی سے ہرایا گیا لیکن اس کے خلاف ہم سڑکوں پر نہیں آئیں گے، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت کے مطابق ہر آئینی راستہ اختیار کیاجائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی تقریر سے پتہ چلتا ہے کہ پارٹی گائیڈ لائن کیا ہے، چار تاریخ کو اسلام آباد میں سکروٹنی ہوگی، میں کسی کے بیان پر فی الحال کوئی کمنٹ نہیں کروں گا، ترقی اور امن و امان کے لئیے ہم جو کوشش کرسکتے ہیں وہ کریں گے۔