بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، خود کو تنہا محسوس نہ کریں:سرفراز بگٹی

news-details

گوادر: (اتوار:03 مارچ 2024ء)  وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے گوادر کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کل تک گوادر شہرسے پانی کے نکاس کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں، پی ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کئے ہیں، اہلیان گوادر نے اس مشکل وقت میں امدادی اداروں سے جس طرح تعاون کیا وہ قابل ستائش ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بارشوں اور سیلابی پانی سے سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا، نقصان کے تعین کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو20 روز کے اندر مکمل رپورٹ پیش کرے گی۔