حیدرآباد: (بدھ: 27 مارچ 2024ء) سافکو کی جانب سے دیہی علاقوں میں زراعت اور لائیو سٹاک سے متعلق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کار کو فروغ دینے کے لیے یورپی یونین، انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر 'آئی ٹی سی'، 'پی پی اے ایف' کے تعاون سے ' گراسپ'پروگرام کے تحت تاجروں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد دی گئی۔ اس حوالے سے سافکو ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ سافکو کے بانی و قائدسلیمان جی ابڑو نے کہا کہ دیہی لوگ شہری معاشرے، کاروبار اور مالیاتی اداروں سے کٹے ہوئے ہیں، ہمارے پروگرام کا مقصد انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ کاروباری ذہن کے حامل ہوں، زرعی کاروبار کو فروغ دیں، جس سے نہ صرف وہ خوشحال ہونگے بلکہ ملکی معیشت بھی ترقی کرے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ خواتین، مرد اور نوجوان لائیو سٹاک، زرعی پیداوار وغیرہ کے کاروبار میں شامل ہوں، جو زرعی مصنوعات کے معیار اور قدر کو بڑھا کر زیادہ سے زیادہ رقم کما سکیں۔ دیہی علاقوں میں افرادی قوت زیادہ ہے، بہت سے لوگ بے روزگار ہیں، اس لیے ہم حکومت سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہاں بائی پروڈکٹ ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے تاکہ زرعی کاروبار کو بڑھایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار مل سکے۔ اہم بات یہ ہے کہ امدادی ادارے دیہی کاشتکاروں کو لاکھوں تک کی امداد دینا چاہتے ہیں لیکن امداد اور اس طرح کی سہولیات اس وجہ سے واپس لوٹ جاتی ہیں کہ ان لوگوں کے پاس فصلوں کی لین دین، بینک اکاؤنٹ اور آڈٹ ریکارڈ موجود نہیں ہوتا۔ اس لیے صوبائی اور وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ زرعی کاروبار پر توجہ دیں اور دیہی عوام کے لیے معاشی خوشحالی کے ذرائع پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ اس موقع پر سندھ آبادگار بورڈ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نواز احمد نظامانی اور سندھ چیمبر آف ایگریکلچر کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری میر عبدالکریم ٹالپر نے سافکو کے پروگرام کو سراہتے ہوئے چھوٹے زرعی تاجروں کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گندم کی فصل تیار پڑی ہے لیکن حکومت نے ابھی تک خریداری مراکز قائم نہیں کیے اور نہ ہی کاشتکاروں کو باردانہ دیا گیا ہے۔ حکومت سے گزارش ہے کہ خریداری مراکز قائم کر کے باردانہ فراہم کیا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سافکو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الطاف نظامانی نے امدادی چیک وصول کندگان پر زور دیا کہ وہ فنڈز کا صحیح استعمال کریں اور اپنے کاروبار میں دوسرے لوگوں کو بھی شامل کریں۔ سافکو مائیکرو فنانس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید سجاد علی شاہ نے کہا کہ اگر مزید رقم کی ضرورت ہوئی تو ہماری کمپنی آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے گی۔ آخر میں یوسی ساون خان گوپانگ میں چھوٹی زرعی کاروبار کرنے والوں رخسانہ، نصرت، بینا، آمنہ، شازیہ، حمیدہ اور رحیم کو پانچ پانچ لاکھ امداد کی پہلی قسط کے ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔