حیدرآباد: (بدھ: 27 مارچ 2024ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی کی ہدایت پر آج رمضان المبارک کے سولہویں روز بھی منافع خوروں اور گراں فروشوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا مجموعی طور پر 24 تاجروں سے ایک لاکھ 15 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مناسب جگہ پر نرخ نامہ چسپاں نہ کرنے کے علاوہ گوشت، سبزی، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی اضافی قیمت وصول کرنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدر آباد مہوش اعجاز نے متعلقہ افسران کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تعلقہ لطیف آباد کے اسٹار سپر مارٹ سے 60 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا اور انہیں آئندہ سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی پر مزید سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد عبد الواحد چنہ نے مختیار کار فرحان جتوئی کے ہمراہ تعلقہ قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی کرنیوالے 11 تاجروں سے 30 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی احمد مرتضیٰ نے مختیار کار غلام مصطفیٰ شر کے ہمراہ مختلف مارکیٹس کاجائزہ لیا اور 5 تاجروں سے 15 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی احسن مورائی نے مختیار کار مسرت مری کے ہمراھ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور 7تاجروں سے10 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے کاروائیوں کا یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور عوام الناس کو رلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔