جامشورو: (جمعہ: 29 مارچ 2024ء) شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج جامشورو میں شخصیت کی خصوصیت اور برانڈنگ کو ظاہر کرنے والے 60 سے زائد پوسٹرز اور لوگوز نمائش کے لیے رکھے گئے۔
’پرسنل برانڈنگ پروجیکٹ ڈسپلے‘ کے نام پر مبنی، آرٹ ورکس کو کمیونیکیشن ڈیزائن ڈپارٹمنٹ کے تیسرے سال کے 22 طلباء نے تیار کیا۔ جس میں زیادہ تر ڈیزائن کو ڈیجیٹلائز کیا گیا جبکه فیکلٹی ممبران ممتاز علی منگی، محمد زمان بھٹو اور سیدہ جویریہ نے نگرانی کی۔
وائس چانسلر سيبس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے ڈسپلے کا افتتاح کیا اور کہا کہ طلباء نے بامعنی کمپوزیشن میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور خیالات کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوسٹرز نوجوانوں کی صلاحیتوں، خیالات کی گہرائی، تخلیقی اظہار اور مارکیٹ کے علم کی کافی مؤثر طریقے سے عکاسی کرتے ہیں۔
طلباء کی طرف سے کئے گئے شخصیت کی خصوصیت کے منصوبے مختلف شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات کی عکاسی کرتے نظر آئے جن میں قائداعظم محمد علی جناح، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو، راشد منہاس شہید، لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر، پائلٹ مریم مختیار، منیبہ مزاری، سعادت حسن منٹو، عابدہ پروین، نور جہاں، استاد نصرت فتح علی خان، پروین شاکر، حنا ربانی کھر، بابر اعظم، ثنا میر اور دیگر شامل تهے۔