شکارپور:(اتوار:31 مارچ 2024ء) سندھ کے شہر شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران پولیس موبائل پر راکٹ حملے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ناپرکوٹ کے قریب ڈاکوؤں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر راکٹ داغ دیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس نے زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے، پولیس کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کرکے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ سندھ کے سابق نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف ’کلین اپ‘ آپریشن کی منظوری دی تھی۔
سابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گھوٹکلی میں جسٹس (ر) مقبول باقر نے ڈی سی آفس میں امن و امان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کی حکمت سے متعلق مکمل و حتمی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور انہوں نے اس حکمت عملی کو کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف ’فیصلہ کن‘ آپریشن قرار دیتے ہوئے تمام مطلوبہ ضروریات کی منظوری دے دی ہے۔
سابق نگران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ شکارپور اور کشمور کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے 14 گینگز ہیں، اس پر سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن کا مطلب ان علاقوں میں ڈاکوؤں کا خاتمہ ہے۔