پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا، بارش کا امکان

news-details

راولپنڈی : (بدھ :17 اپريل2024ء)  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے، قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، عماد وسیم اور محمد عامر کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے،اپنے سکواڈ سے مطمئن ہوں۔ پاکستان کے پاس بہترین بیٹرز، باؤلرز اور آل راؤنڈرز موجود ہیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے مگر وہ ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں اور ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پاک نیوزی لینڈ میچ کے دوران موسم کی خرابی کی پیشگوئی کی ہے، جس سے میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پنڈی اسٹیڈیم میں ابتدائی تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو شیڈول ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو دن کے وقت بارش کا 40 جبکہ رات کے اوقات میں 70 فیصد بارش کا امکان ہے، اسی طرح 20 اپریل کو 52 فیصد اور 21 اپریل کو محض 13 فیصد بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب سیریز کے آخری دو میچز لاہور میں شیڈول ہیں جو 25 اور 27 اپریل کو شیڈول ہیں۔

پاکستان کے اسکواڈ  میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، عثمان خان، افتخار احمد، اعظم خان، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، عباس آفریدی، ابرار احمد، فخر زمان عرفان خان نیازی، اسامہ میر، زمان خان، حسیب اللہ، محمد علی، آغا سلمان، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئرشامل ہیں

نیوزی لینڈ اسکواڈ  میں کپتان مائیکل بریسویل، ٹام بلنڈل، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میکونچی، زیک فولکس، جمی نیشام، ول اوورکے، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سائیفرٹ، ایش سودھی شامل ہیں.