پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

news-details

لاہور: (جمعرات:25  اپريل2024ء) پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ بسمہ معروف نے 276 بین الاقوامی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی جو قومی ریکارڈ ہے، انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 6262 رنز بنائے اور 80 وکٹیں حاصل کیں۔

32 سالہ بسمہ معروف نے کہا ہے کہ اس کھیل کو خیرباد کہہ رہی ہوں جس سے مجھے بہت پیار ہے، کرکٹ کا یہ سفر یادگار رہا ہے، یہ یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ساتھی کھلاڑیوں، فیملی اور پرستاروں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا جس پر میں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ 

بلے باز بسمہ معروف نے اپنا ون ڈے ڈیبیو 2006 میں بھارت کے خلاف کیا اور 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔ انہوں نے 276 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، جو کسی بھی پاکستانی خواتین کرکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے انٹرنیشنل میچز میں 6 ہزار 262 رنز بنائے ہیں، جس میں 33 نصف سنچریاں شامل ہیں اور 80 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کی ہیں۔