ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی: قومی کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی کا عمل شروع

news-details

لاہور: (بدھ: 19 جون 2024ء) ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کے وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا۔ وطن واپس پہنچنے والے کھلاڑیوں میں نسیم شاہ اور عثمان خان شامل ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر مینیجر وہاب ریاض بھی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے ہی مرحلے سے باہر ہونے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت 6 کھلاڑیوں نے لندن میں چھٹیاں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اگست میں بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرے گا، جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے دوران پاکستان کو گروپ مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی تھی اور دوسرے میچ میں بھارت کے خلاف قومی ٹیم ایک آسان ہدف حاصل نہ کرسکی، دونوں شکستوں کے بعد قومی ٹیم کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات کم ہوگئے تھے۔ بعد ازاں امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا اور یوں پاکستان کرکٹ ٹیم کا سفر ورلڈکپ میں ختم ہوا۔