کراچی: (اتوار: 07 جولائی 2024ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ بندرگاہوں میں جدید نظام اور ان تک رسائی میں مزید بہتری سے پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کراچی پورٹ ٹرسٹ آمد، وزیراعظم کو بندرگاہوں اور نیشنل فلیگ کیریئر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندری تجارت کا سب سے موزوں راستہ فراہم کرتا ہے، وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کیلئے پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، سامان کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے جوڑا جائے۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے، نجی شعبے کی ترقی، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ تک اور اس سے ریل کے ذریعے سامان کی ترسیل کی استعداد کو بڑھایا جائے، پورٹ قاسم پر ایل این جی جہازوں کی فیس کو کم کرکے اسے بین الاقومی سطح پر رائج ریٹس کے مطابق مقرر کیا جائے، شپنگ لائیز کی ریگیولیشن کے لیے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر جلد پیش کیا جائے۔ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنی لاگت کو کم کرنے اور اپنے آپریشنز کو مؤثر بنانے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرے۔ خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں نجی شعبے کی ترقی، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے، پاکستان کی برآمدی صنعت کی ترقی کے لیے برآمد کنندگان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آج کراچی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، قیصر احمد شیخ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین کے پی ٹی، پی کیو اے، پی این ایس سی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو بندرگاہ کی کارکردگی کے خطے کی دوسری بندرگاہوں سے موازنے پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔