پاکستان اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتاہے، ہماری دلی ہمدردی فلسطینی عوام کےساتھ ہے:دفتر خارجہ

news-details

اسلام آباد: (جمعرات: یکم اگست2024ء)  پاکستان نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے، پاکستان حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتاہے۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ کی صورتحال پر تشویش کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حماس کےسربراہ اسماعیل ہنیہ کےقتل کی شدید مذمت کرتا ہے، ہماری دلی ہمدردی اسماعیل ہنیہ کےخاندان اورفلسطینی عوام کےساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسحٰق ڈار نے ایرانی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تہران کا دورہ کیا، اسحٰق ڈار نے پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے ایرانی صدر کو مبارکباد کا پیغام دیا، ایرانی صدر نے تقریب میں شرکت پر اسحٰق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر تنظیموں کے خلاف کارروائی کامطالبہ کرتے ہیں، ٹی ٹی پی وقت کے ساتھ خطے کے لیے بڑا خطرہ بنتا جارہا ہے، ٹی ٹی پی افغانستان کے اندر سے حملوں کی منصوبہ بندی کرتی ہے، تحریک طالبان پاکستان کو افغانستان کے اندر سے معاونت حاصل ہے۔