نازیبا ویڈیو وائرل کیس:عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیا شاہ کی درخواست ضمانت مسترد

news-details

کراچی : (جمعہ: 23 دسمبر2022ء) عدالت نے عامرلیاقت کی نازیباویڈیو وائرل کرنے کے کیس میں گرفتار ملزمہ دانیا شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔ کراچی کی مقامی عدالت میں مرحوم عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے کیس میں گرفتار عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
مقامی عدالت نے گرفتار ملزمہ اور عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیا شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔ دانیا شاہ پرعامرلیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کا الزام ہے، عامرلیاقت کی بیٹی کی شکایت پرایف آئی اے نے کارروائی کی تھی اور ملزمہ کو پنجاب سے گرفتار کیا تھا، گزشتہ سماعت پرعدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
19 دسمبر کو مرحوم عامر لیاقت کی تیسری بیوی دانیا بی بی نے عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں درخواست ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ دانیا کے وکیل لیاقت علی گبول ایڈوکیٹ نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ عامر لیاقت کی بیوہ نے اپنے موبائل سے عامرلیاقت کی ویڈیو نہیں بنائی، اور ایف آئی اے نے بھی دانیا کے موبائل سے کوئی ویڈیو برآمد نہیں کی۔
لیاقت علی گبول ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ دانیا عامر لیاقت کی بیوہ ہیں، جائیداد سے حصہ مانگنے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور ایف آئی اے نے بغیر تحقیقات دانیا کو لودھراں سے گرفتار کیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ دانیا پر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کا الزام ہے.